نئی دلی: (ویب دیسک) انسان کے منہ میں عمومی طور پر 32 دانت ہوتے ہیں تاہم بھارت میں ایک ایسے 7 سالہ بچے کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ اس کے منہ میں 21 قدرتی دانتوں کے علاوہ 526 اضافی دانت بھی موجود تھے جنہیں سرجری کے ذریعے نکال دیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے شہر چینائی کے رہائشی 7 سالہ بچے روندر ناتھ کے منہ میں قدرتی دانتوں کے علاوہ 526 دانت موجود تھے، یہ اضافی دانت ایک جھلی میں چھپے ہوئے تھے اور آنکھ سے دیکھنے میں نظر نہیں آتے تھے۔ مذکورہ بچے کو 3 سال کی عمر منہ سے ہی درد رہتا تھا، ڈاکٹروں نے تفصیلی معائنے پر نچلے جبڑے میں سوجن کا بتایا تھا اور بچے کوتکلیف بھی بہت زیادہ تھی۔ بچے کے والدین نے گھریلو علاج بہت کیا تاہم مستقل حل کرنا ابھی باقی تھا۔
سرجن کا کہنا تھا کہ ایکس ریز کے ذریعے بچے کے نچلے جبڑے میں ایک تھیلی کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا جسے آپریشن کے ذریعے نکال دیا گیا، تھیلی کا وزن 200 گرام تھا اور اس میں 526 نئے دانت موجود تھے۔ معالجین کا کہنا ہے کہ یہ ایک خاص قسم کی بیماری ہوتی ہے جس کا علاج عمومی طور پر سرجری کرکے اضافی دانتوں کو باہر نکال دینا ہوتا ہے۔