چین میں 6 منزلہ عمارت سے گرنے والے بچے کو ہمسایوں نے بچا لیا

Last Updated On 01 August,2019 05:35 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں 3 سالہ بچے کو چھٹی منزل سے گرنے کے باوجود بچا لیا گیا، ہمسایوں نے حواس کھونے کی بجائے اس موقع پر حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا۔

جسے اللہ رکھے، اسے کون چکھے، چین میں چھٹی منزل کی بالکونی سے نیچے گرنے والے بچے کو راہگیروں نے کمبل میں کیچ کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق چین کے شہر کونگچن میں اس وقت شور مچ گیا جب 3 سالہ بچہ چھٹی منزل پر واقع فلیٹ کی بالکونی سے لٹکا ہوا پایا گیا، بچہ انتہائی خوفزدہ حالت میں رو رہا تھا۔

ہمسایوں نے ریسکیو اداروں کو مطلع تو ضرور کیا لیکن خود بھی کوشش ترک نہ کی اور کمبل منگوا کر اسے ایسے تھام لیا کہ بچہ زمین پر نہ گرنے پائے۔ تھوڑی ہی دیر بعد بالکونی سے لٹکا بچہ نیچے آ رہا جسے کمبل میں کیچ کر لیا گیا۔ اس موقع پر والدین کی حالت دیدنی تھی جو کمبل کے ذریعے بچے کی جان بچانے والے ہمسایوں کے انتہائی شکر گزار نظر آئے۔