عمان: (روزنامہ دنیا) اردن نے بحیرہ احمر کے کنارے اپنے پہلے انوکھے میوزیم کا افتتاح کیا ہے جسے زیرِ آب عسکری عجائب گھر قرار دیا جاسکتا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ اپنی تکمیل کے بعد یہ میوزیم مکمل جنگی فارمیشن کو ظاہر کرے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اردن کی حکومت نے اب تک ٹینک، ہیلی کاپٹر اور بکتر بند گاڑیاں پانی کی گہرائی میں اتاری ہیں جو اب سمندر کے فرش پر موجود ہیں۔ منصوبے کے تحت کل 19 متروکہ جنگی سازوسامان 92 فٹ گہرائی میں رکھا جائے گا۔
یہ میوزیم غوطہ خوری کیلئے مشہور عقبہ کے مقام پر بنایا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت کئی ٹینک، عسکری کرینیں، بکتر بند گاڑیاں، اینٹی ایئرکرافٹ گن اور جنگی ہیلی کاپٹروں کو اس میوزیم کی زینت بنایا جائے گا۔
عقبہ اکنامک زون کے ترجمان کے مطابق تمام عسکری سامان مونگے اور مرجانی سلسلوں (کورال ریفس) کے پاس رکھے گئے ہیں اور تمام فوجی گاڑیوں کو عین فوجی فارمیشن کی صورت میں رکھا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس عجائب گھر کا مقصد غوطہ خوری، کھیل، ماحولیات اور میوزیم کا عنصر ایک جگہ قائم کرنا ہے۔ میوزیم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر اردن کی فوجی دھن بجائی گئی اور لوک فنکاروں کے ایک گروپ نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔