میکسیکو: (روزنامہ دنیا) الیکشن جیتنے کیلئے وعدے کرنا اور الیکشن جیت جانے کے بعد وہ وعدے پورے نہ کرنا سیاستدانوں کی پرانی عادت ہے تاہم میکسیکو میں ایک میئر کو یہ معاملہ خاصا مہنگا پڑ گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق میکسیکو کے ایک قصبے میں عوام نے اپنے وعدہ خلاف میئر کو سزا کے طور پر عورتوں والے کپڑے پہنا کر ساری دنیا کیلئے ایک نئی مثال قائم کر دی۔ میکسیکو کے قصبے ہوئیکسٹان میں ہاویئر سباسشیئن ہمینیز سانتیز نے میئر کا الیکشن لڑتے وقت کئے وعدے پورے نہیں کئے جس پر اسے سزا ملی۔
اس موقع پر شہریوں کا جم غفیر جمع ہو گیا جو میئر کو وعدے پورے نہ کرنے پر جلی کٹی سناتے رہے اور میئر کو شدید سبکی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم کچھ دیر بعد میئر نے عوام سے معافی مانگتے ہوئے وعدے پورے کرنے کی نوید سنا دی۔