بیٹی کے روپ میں فرارکی کوشش کرنیوالے مجرم کی جیل میں خودکشی

Last Updated On 07 August,2019 09:41 am

ریوڈی جنیرو: (روزنامہ دنیا) بیٹی کے روپ میں جیل سے فرار کی ناکام کوشش کرنے والے برازیل کے بدنام زمانہ منشیات فروش اور گینگ لیڈر کلایوینو ڈی سلوا کی جیل کی بیرک میں چھت سے لٹکی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کلا یونیوڈی سلو اکو منشیات کی دنیا میں شارٹی اور باجیٹو کے نام سے جانا جاتا ہے اور وہ ریو ڈی جنیرو جیل میں قید تھا، ریڈ کمانڈ نامی گروپ کے لیڈر 42 سالہ کلایوینو کو 73 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس نے ایک روز قبل جیل سے فرار ہونے کے منصوبے کیلئے ملاقات کیلئے آئی ہوئی بیٹی کو اپنی جگہ پر چھوڑا اور اس کے روپ میں باہر کی جانب چل پڑا۔ 

کلایوینوڈی سلوا نے ماسک لگا کر گلاسز اور گلابی رنگ کی ٹی شرٹ پہنی ہوئی تھی جس سے جیل حکام بھی اسے لڑکی سمجھ کر دھوکہ کھا گئے لیکن اسے روک لیا گیا کیونکہ وہ بہت زیادہ نروس نظر آ رہا تھا اور اس کا پول کھل گیا۔

جیل حکام نے اسے زیادہ سکیورٹی والی جیل میں منتقل کر دیا جہاں گزشتہ روز اس کی بیرک میں چھت کیساتھ پھندے سے جھولتی ہوئی لاش ملی۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ اس نے خود کو پھندا لگا کر خودکشی کی ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں جس کے بعدحتمی معلومات شیئر کی جائیں گی۔