بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چینی حکام کی خواہش ہے کہ اس بار شاندار فوجی پریڈ کو پورا چین اپنے ٹی وی سیٹ پر دیکھے اور اس کیلئے انتہائی غریب گھرانوں میں 6 لاکھ 20 ہزار ٹی وی تقسیم کئے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آج کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اپنے اقتدار کی 70 ویں سالگرہ منا رہی ہے جس پر رنگا رنگ تقاریب کا آغاز ہو گا اور اس ضمن میں ایک یادگار اور منظم فوجی پریڈ بھی منعقد کی جائے گی۔ مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق چین اس موقع پر اپنے خاص فوجی و عسکری ہتھیاروں کی نمائش بھی کرے گا جن میں انتہائی جدید ترین ڈرون، میزائل اور دیگر آلات شامل ہیں۔
جہاں پریڈ کیلئے بھرپور تیاریاں جاری ہیں تو دوسری جانب حکومت نے محسوس کیا کہ اگر اس منظر سے خود چینی محروم رہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ اسی بنا پر مختلف حکومتی محکموں نے چین میں مقامی طور پر بنے 32 انچ ایل ای ڈی ڈسپلے ٹی وی غریب گھرانوں میں تقسیم کئے۔ اسے مغربی تجزیہ کاروں نے لوگوں کو ذہن کنٹرول کرنے سے تعبیر کیا ہے لیکن چینی حکومت اب تک لاکھوں گھرانوں میں ٹی وی پہنچا چکی ہے۔