نیویارک: (روزنامہ دنیا) امریکہ کے شہر نیویارک کے چڑیا گھر میں ایک سر پھری خاتون شیر کو قریب سے دیکھنے کی خواہش میں شیروں کے پنجرے میں کود پڑی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق خاتون شیروں کے پنجرے میں لوہے کی باڑ پھلانگ کر کودی اور اپنی جان خطرے میں ڈال کر نہ صرف شیرکے انتہائی قریب چلی گئی بلکہ شیر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اسے دیکھتی رہی۔
خاتون کی خوش قسمتی کہ پنجرے میں موجود شیروں نے خاتون پر حملے سے گریز کیا اور اس کو صرف گھورنے پر اکتفا کیا۔ وہاں موجود سیاحوں نے انتظامیہ کو بروقت اطلاع دی اور یوں خاتون کسی جانی نقصان سے محفوظ رہی جبکہ انتظامیہ کی جانب سے واقعہ کی تفتیش کی جارہی ہے اور خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔