ایمسٹرڈیم: (روزنامہ دنیا) سائیکلوں کیلئے ماحول دوست ٹریک بنانے کے سلسلے میں حیران کن ایجادات سامنے آ رہی ہیں۔ ہالینڈ میں اس وقت سائیکلوں کی تعداد وہاں کے شہریوں کی تعداد سے بھی زیادہ ہے اور ان کی مقبولیت میں روز بروز مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت کی بھی کوشش ہے کہ لوگ گاڑیوں کی بجائے سائیکلوں پر سفر کریں تا کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی ممکن ہو سکے۔ ہالینڈ میں سائیکلسٹ یونین سے تعلق رکھنے والے مارٹن فان ایس کا کہنا تھا کہ سائیکلنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان، پالیسی سازوں اور انجینئرز کی وجہ سے ملک میں ماحول دوست اور ونٹر پروف سائیکل ٹریک بنائے جا رہے ہیں، سائیکلنگ کے شعبے میں سب سے زیادہ ایجادات ہالینڈ میں ہی ہو رہی ہیں۔
انجینئرز کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی ایسے پتھر بھی تیار کر لیں گے ، جو ساری رات بغیر بجلی کے روشن رہا کریں گے جبکہ ایک نئی ایجاد فان گوفی روسگارڈا نامی سائیکل ٹریک ہے، جو رات کو چمکتا ہے، ایسے ایک ٹریک کا افتتاح گزشتہ ماہ کیا گیا ہے ۔ اس ٹریک پر ایسے پتھر لگائے گئے ہیں، جو سورج کی روشنی سے چارج ہوتے ہیں اور رات کو جگمگا اٹھتے ہیں۔ ٹریک کا نام مشہور آنجہانی مصور ’’فان گوفی روسگارڈا‘‘ کے نام پر رکھا گیا ہے۔