ریاض: (روزنامہ دنیا) ہیوی مشینری اور اسلحے ماڈلز میں تبدیل کر کے ٹن کی دھات کو ری سائیکل کرنے کا نیا طریقہ بتا دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق استاد محمد الحجری السلمی نے ٹن کی دھات سے تیار کردہ بیکار ڈبوں اور اشیا سے اپنے سکول کیلئے مخصوص پر کشش مختلف مجسمے تیار کرکے دنیا کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔ السلمی نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اب تک ٹن کے ڈبوں اور ٹن کی دیگر اشیا سے 320 مختلف ڈئزائن کے مجسمے تیار کر چکا ہے۔ استاد محمد الحجری السلمی کے مطابق وہ ٹن کی دھات سے بنی اشیا سے عمارتوں، گاڑیوں، موسیقی کے آلات و جنگی ساز و سامان کے چھوٹے چھوٹے نمونے باآسانی تیار کرسکتا ہے۔
سعودی استاد کا کہنا تھا کہ ٹن ایک تیز دھار دھات ہے جو کسی بھی جاندار کو بہت آسانی سے شدید زخم دے سکتی ہے جس کے باعث اسے فن کے نمونوں میں تبدیل کرنا آسان نہیں ہے بعض اوقات تو ایک فن پارہ تیار کرنے میں پورا پورا ہفتہ لگ جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں تخلیقات میں ماحول دوستی پیدا کرنا چاہتا ہوں۔