لاہور: (ویب ڈسک) بھارت میں حیران کن طور پر ایک ایسا واقعہ سامنے آیا ہے جسے سن کر ہر کوئی پریشان ہو گیا ہے، ریاست اترپردیش میں نومولود بچی کو زندہ دفن کرنے کا انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے لیکن اس کے باوجود بچی زندہ قبر سے برآمد ہوئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست اُترپردیش کے ضلع بریلی کے گاؤں میں کچی قبر سے نومولود زندہ بچی برآمد ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شخص اپنی نومولود بیٹی (جو کہ پیدائش کے فوراً بعد انتقال کرگئی تھی) کے لیے قبر کھود رہا تھا کہ 3 فٹ کی گہرائی پر بیلچہ ایک مٹی کے برتن سے ٹکرایا۔
اس شخص نے جب برتن کو ہٹاناچاہا تو اس میں ایک نومولود بچی موجود تھی جس کی سانسیں بھی بحال تھیں۔ واقعے کے فوری بعد بچی کو قریبی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اسکا علاج جاری ہے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اس حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور بچی کے والدین کو ڈھونڈا جا رہا ہے۔ پولیس کو خدشہ ہے کہ بچی کو والدین کی رضامندی سے دفن کیا گیا تھا۔