لاہور: (ویب ڈیسک) بھارت میں مردہ قرار دیا گیا شخص آخری رسومات کے دوران ’زندہ‘ ہو گیا۔ یہ واقعہ ریاست اوڑیسا میں پیش آیا ہے۔
عرب خبر رساں ادارے ’’گلف نیوز‘‘ کے مطابق اس شخص کی عمر 55 سال ہے، اس کا نام سمانچ ملک ہے، اس شخص کی آخری رسومات بھارتی ریاست اوڑیسا کے ضلع کپاخالا میں ادا کی جا رہی تھیں کہ اسی دوران مردہ قرار دیا گیا شخص زندہ ہو گیا۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ سمانچ ملک بکریوں کو چرانے کے لیے لیکر گیا لیکن وہ گھر واپس نہیں آیا، اسی دوران اس کے جانور گھر واپس آ گئے، گاؤں والوں کی طرف سے تلاشی کے بعد سمانچ ملک بے ہوشی کی حالت میں ملا۔ اسی دوران اسے ہسپتال لے جایا گیا، اس کے خاندان والے اور فیملی ممبر کو لگا شاید سمانچ ملک انتقال کر گیا ہے، خاندان والوں نے سمانچ ملک کی آخری رسومات شروع کر دیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق لوگ اس وقت حیران رہ گئے جب سمانچ ملک کو آخری رسومات کے لیے شمشان گھاٹ لے جایا گیا تاہم اس دوران وہ اُٹھ کر بیٹھ گیا، اسے زندہ دیکھ کر ہر کوئی ششدر رہ گیا۔
جیسے ہی سمانچ ملک اُٹھ کر بیٹھا تو اسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں ایک مرتبہ پھر چیک اپ کرایا گیا، کہا جا رہا ہے کہ سمانچ ملک کی طبیعت اب پہلے سے بہتر ہے۔