پٹرول پمپ پر کام کرنیوالے نوجوان کی کروڑوں روپے کی لاٹری لگ گئی

Last Updated On 18 October,2019 06:04 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) یوں تو دنیا بھر میں لوگ کروڑ پتی بننے کے لیے شارٹ کٹ راستے ڈھونڈتے ہیں تاہم اس کوشش میں متعدد نوجوانوں سمیت بڑی تعداد ناکام ہو جاتی ہے، لیکن ابو ظہبی سے ایک خبر آئی ہے جس میں ایک بھارتی شہری لاٹری جیت کر راتوں رات کروڑ پتی بن گیا ہے۔

عرب خبر رساں ادارے گلف نیوز کے مطابق جس بھارتی شہری یہ لاٹری جیتی ہے اس کا نام شیمبن ہے، اور پٹرول پمپ پر کام کرتا تھا، نوجوان کی عمر 31 سال ہے اور بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع مالاپورم کا رہائشی ہے۔ نوجوان نے ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والا ایک ملین درہم کا لکی ڈرا جیتا۔

30 ستمبر کو لاٹری جیتنے کا اعلان ہوا اور بھارتی نوجوان کو رقم 14 اکتوبر کو دی گئی۔ رقم حاصل کرنے کے بعد نوجوان کا کہنا تھا کہ میں جیتی گئی رقم کا ایک حصہ فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کروں گا۔ اسی رقم سے میں اپنی بہن کی شادی کروں گا اور اپنے بھائی کو تعلیم بھی دلاﺅں گا۔

نوجوان کا کہنا تھا کہ باقی بچ جانے والی رقم میں اپنے اور اپنی بیوی کے مستقبل کے لیے محفوظ کر لوں گا۔ میرے ماں باپ نے میرے لیے اور میرے بہن بھائیوں کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر دیں۔ اب یہ رقم جیتنے کے بعد مجھے موقع ملا ہے کہ میں ان کی زندگی آسان بنا سکوں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا تھا کہ میں یہ انعام جیت پاؤں گا، اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی لکی ڈرا کے دوران لاکھوں کی تعداد میں لوگ قرعہ اندازی کے لیے شامل تھے، تاہم انعام جیتنے کے بعد اتنا خوش ہوں کہ الفاظ کم ہیں، میں ابو ظہبی ایئر پورٹ والا کا بھی شکر گزار ہوں۔