نیویارک: (روزنامہ دنیا) پرانی کتابوں میں سوکھے ہوئے پھولوں اور نوٹس کا ملنا کوئی انوکھی بات نہیں لیکن بعض لوگوں کو پرانی کتابوں میں سے اور بھی بہت کچھ ملا ہے جسے انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کر کے دوسروں کو اپنے ساتھ پیش آنے والی حیران کن صورتحال میں شریک کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکہ میں ایک دکان سے خریدی جانے والی کتاب سے ملنے والے 20 ڈالر کے نوٹ پر ایک پیغام لکھا ہوا ہے جو کتاب کے پچھلے قاری نے اگلے قاری کے نام چھوڑا ہے۔ پیغام کے مطابق قاری کو کتاب میں سے لاٹری کا ایک ٹکٹ ملا تھا جس پر 100 ڈالر کا انعام نکلا تھا۔ بیس ڈالر کا یہ نوٹ اسی انعامی رقم میں اگلے قاری کا حصہ ہے۔
ایک اور کتاب سے مری ہوئی چھپکلی برآمد ہوئی، کسی ظالم نے برسوں پہلے اس ننھی سی چھپکلی کو کتاب میں دبا کر مار دیا اور یونہی رکھ چھوڑا، جسے بعد میں ایک اور خریدار نے کھول کر دیکھا اور فوراً ہی تصویر کھینچ کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی۔
ایک اور پرانی کتاب سے 100 سال پرانا رپورٹ کارڈ ملا، مزے کی بات تو یہ ہے کہ اس پر طالب علم کا نام اور پتا بھی موجود ہے لیکن یہ نہیں پتا کہ اتنے پرانے رپورٹ کارڈ مل جانے پر سکول انتظامیہ نے اس خاندان سے رابطہ کیا کہ نہیں۔ یہ تمام چیزیں نیویارک میں ایک دکان میں رکھی ہوئی پرانی کتابوں سے ملی ہیں۔