100 سال کے فرق سے بنائی گئی ہوبہو ایک جیسی تصاویر

Last Updated On 16 October,2019 11:58 am

روم: (روزنامہ دنیا) روم اور فرانس کی سرحد پر پہاڑی سلسلے مونٹ بلانک پر درجہ حرارت بڑھنے کے باعث برف کی تہہ باریک ہوگئی ہے اور آنیوالے 100سالوں میں یہ علاقہ برف سے بالکل پاک ہوجائے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس بات کا پتہ چلانے کیلئے یورپی سائنسدان ڈاکٹرکیرن بکسٹر اور ان کے ساتھی ڈاکٹرالائس واٹرسن نے ایک حیرت انگیز طریقہ اپنایا۔ 1919میں ایک سوئس ہواباز والٹر میٹل ہولزر نے ہوائی جہاز میں بیٹھ کر مونٹ بلانک کی تصاویر بنائی تھی، یورپی سائنسدانوں نے ان تصاویر کی مدد سے نقشے اور ترتیب بنا کر کام کیا اور ایک فوٹو گرافر کی مدد سے ہوبہو پہلے جیسی تصاویر بنوائیں جن میں صاف نظر آ رہا ہے کہ 100 سال قبل اس پہاڑی سلسلے پر برف کی دبیز تہہ موجود تھی جو 100 سال میں انتہائی کم ہو گئی ہے اور یہی صورتحال رہی تو آئندہ 100سالوں یعنی 2119 میں ان پہاڑوں پر برف ناپید ہوجائے گی۔

سائنسدانوں نے 2119 کی تصوراتی تھری ڈی تصاویر کمپیوٹرکی مدد سے تیار کیں۔ ڈاکٹر کیرن بکسٹر کا کہنا ہے کہ بڑھتا ہوا درجہ حرارت ماحولیاتی نظام کو بری طرح تباہ کر رہا ہے، جس کا فوری تدارک ضروری ہے۔1919 اور 2019 میں بنی تصاویر کو سوشل میڈیا صارفین نے بے حد پسند کیا ہے۔