مچھروں کو مارنے کیلئے ڈرون کا استعمال

Last Updated On 21 November,2019 10:21 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں ڈرون کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، دہشتگردی کیخلاف جنگ سمیت دیگر اہم امور پر ڈرون کو استعمال کیا جاتا ہے، مختلف ممالک میں ڈرون ٹیکسی، کھانے پینے کی اشیاء کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پر پہنچانے کے لیے بھی ڈرون کو استعمال کیا جاتا ہے، لیکن بھارت میں مچھروں کو مارنے کیلئے ڈرون کا استعمال شروع کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کولکتہ میں میونسپل کارپوریشن نے مچھروں کو مارنے کے لیے ڈرون کا استعمال شروع کر دیا۔ ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا تھا کہ ڈینگی، چکن گونیا اور ملیریا سے ہونے والی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ڈرون کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ڈرون کو ’وناش‘ کا نام دیا گیا ہے جو 20 منزلہ عمارت کے اوپر جاتا ہے اور گلوبل پوزیشننگ سسٹم کے ساتھ لیس ہے۔

کے ایم سی ڈپٹی میئر اتین گھوش کا کہنا تھا کہ ڈرون عمارتوں اور دیگر مقامات کی تصاویر کلک کرے گا جو ہمارے لیے مددگار ثابت ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈرون وناش کا روبوٹک ہاتھ بھی ہے جو پانی اور زمین سے نمونے اکٹھا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اتین گھوش کا کہنا تھا کہ ہم نمونے ملنے کے بعد ان میں سے کسی بھی قابل رسائی علاقوں میں کیڑے مار دواؤں کو چھڑکنے اور مچھروں کو مارنے کے لیے استعمال کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق کیڑے مار ادویات کو ذخیرہ کرنے کے لیے ڈرون کے ساتھ ایک کنٹینر لگا ہوا ہے، جب ڈرون کیڑے مار ادویات کا اسپرے کرے گا تو اس میں ایک ہوٹر بھی ہے جو آپریشنل ہوجائے گا۔

یاد رہے کہ بھارت میں مچھر سے پھیلنے والی بیماریوں چکن گونیا، ملیریا اور ڈینگی کے سبب متعدد شہری اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔