برلن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں غربت تیزی سے پروان چڑھ رہی ہے، متعدد ممالک غربت پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرتے رہتے ہیں، انہی اقدامات میں مزید ایک اضافہ جرمنی میں ہوا ہے جہاں پر بے گھر افراد کے لیے نہانے کا اہتمام ایک بس میں کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق بے گھر افراد کھلے آسمان تلے سو تو جاتے ہیں لیکن یورپی ممالک کی سردی میں ان کے لیے غسل کا کوئی بندوبست موجود نہیں ہوتا۔ جرمن شہر ہیمبرگ میں بے گھروں کے لیے ایک شخص نے تین غسل خانوں والی خصوصی بس تیار کی ہے۔
وفاقی جرمن ریاست اور بندرگاہی شہر ہیمبرگ میں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور بے گھر افراد آج سے ایک بس میں نہا بھی سکیں گے اور بس میں ان کے لیے صاف کپڑوں کا بندوبست بھی موجود ہو گا۔ اس بس کو شاور بس‘ کا نام دیا گیا ہے۔
بے گھروں کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ اس بس کی شروعات ڈومینیک بلواہ نامی ایک ایسے شخص نے کی ہے جو طویل مدت تک خود بھی بے گھر تھا اور سڑک پر زندگی گزارنے پر مجبور رہا تھا۔
ڈومینیک کا کہنا تھا کہ بے گھری کی زندگی کے دوران وہ بہت طویل وقت کے لیے غسل نہیں لے پاتا تھا۔ اسی وجہ سے اس نے گوبانیو پراجیکٹ شروع کیا اور شاور بس کے لیے کراؤڈ فنڈنگ شروع کی اور اس منصوبے کے لیے ایک لاکھ 68 ہزار یورو جمع کر لیے۔
بس سے متعارف کراتے ہوئے ڈومینیک کا کہنا تھا کہ بس میں بہت جگہ ہے جہاں آپ خود کو پرسکون محسوس کر سکتے ہیں اور باعزت طریقے سے نہا سکتے ہیں۔
درکار رقم جمع کر لینے کے بعد ڈومینیک نے مقامی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی کی متروک بس حاصل کی اور کئی ماہ بعد اسے شاور بس کے طور پر تیار کر لیا۔ اس بس میں تین غسل خانے بنائے گئے ہیں جن کے بارے میں ڈومینیک نے فخریہ انداز میں بتایا کہ غسل خانوں کو کنڈی بھی لگائی جا سکتی ہے۔
علاوہ ازیں بس کے اندر بے گھروں کے لیے صاف کپڑوں کا بندوبست بھی موجود ہے۔ ہیمبرگ کے حکام کے مطابق شہر میں دو ہزار سے زیادہ بے گھر افراد ہیں تاہم سماجی تنظیم گوبانیو کے مطابق حقیقی تعداد اس سے بھی کہیں زیاد ہے۔
کچھ عرصہ قبل جرمن دارالحکومت برلن میں بھی شاور بس سروس شروع کی گئی تھی، تاہم برلن میں یہ سروس صرف بے گھر خواتین کے لیے مخصوص ہے۔