کینبرا: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں حالیہ عرصے کے دوران زبردست گرمی پڑ رہی ہے، اس گرمی کے باعث انسانوں کے ساتھ ساتھ جانور بھی بے حال ہو چکے ہیں جبکہ ملک میں لگنے والی آگ نے خوفناک صورتحال پیدا کی ہوئی ہے۔ ایک حیران کن خبر نے سب کو افسردہ کر دیا ہے۔ اس خبر کے مطابق آسٹریلوی حکام نے بے تحاشا پانی پینے پر 10 ہزار اونٹوں کو مارنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی حکام اونٹوں کو قتل کرنے کی 5 روزہ مہم کا آغاز9 جنوری سے کریں گے جس کی وجہ ان کا بہت زیادہ پانی پینا بتائی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آسٹریلوی حکام اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے ہیلی کاپٹر استعمال کریں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اونٹوں کی قتل کرنے کی ایک وجہ خشک سالی بھی ہے۔
آسٹریلیا کی مقامی حکومت کی ایک خاتون عہدیدار کا کہنا تھا کہ اونٹ ہمارے معاشرے میں مسائل پیدا کر رہے ہیں ہم شدید تعفن اور مشکل حالات میں گھِر گئے ہیں جس کی وجہ سے ہم پر برے اثرات پڑرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اونٹوں کی بڑی تعداد گھروں کے اطراف آرہی ہے اور گھروں کے باہر لگی باڑوں کو دھکیل کر ائیرکنڈیشنر کا پانی بھی پینے کی کوشش کرتی ہے۔
واضح رہےکہ آسٹریلیا کے جنگلات میں نومبر سے لگی آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے جس میں اب تک 48 کروڑ جانورو سمیت 30 سے زائد افراد بھی ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔