گاڑی پر برف کا گولا کیوں مارا؟ بے رحم شخص نے بچوں پر گولیاں چلا دیں

Last Updated On 08 January,2020 06:02 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں سرد موسم آتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد موسم سے لطف اندوز ہونےکے لیے سرد مقامات کا رُخ کرتی ہے جہاں پر نوجوانوں سمیت بزرگ بھی سیاحتی مقامات پر پہاڑی علاقوں پر برف سے لطف اندوز ہوتے ہیں، تاہم ایک حیران کن خبر امریکا سے آئی ہے جس نے سب کو پریشان کر دیا ہے۔ خبر کے مطابق ایک بے رحم شخص نے گاڑی پر برف کے گولے مارنے والے بچوں پر گولیاں چلا دیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ خبر امریکا کی شمالی ریاست وسکانسن سے سامنے آئی ہے جہاں پر برف باری میں کھیلنے والے بچوں پر ظالم شخص ٹوٹ پڑا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچے برفباری سے لطف اندوز ہو رہے تھے اور کھیل کھیل میں ایک دوسرے پر برف کے گول پھینک رہے تھے کہ اس دوران وہاں کھڑی سفید رنگ کی گاڑی پر برف کے گولے لگے جس پر کار سوار سیخ پا ہو گیا۔

بیان کے مطابق برف کے گولے لگنے پر کار سوار اس قدر طیش میں آیا کہ اس نے گاڑی سے نکل کر بچوں پر گولیاں چلادیں جس کی زد میں آکر دو بچے شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک 12 سالہ لڑکا اور 13 سالہ لڑکی شامل ہے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے مقامی افراد سے گولیاں چلانے والے شخص کی شناخت اور اس کی تلاش میں مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوٹر کو پکڑنے کے لیے پولیس کو عوام کا تعاون درکار ہے۔
 

Advertisement