نئی دہلی: (ویب ڈیسک) اکثر سکولوں میں ہمیں سننے کو ملتا ہے ٹیچر کی طرف سے سبق یاد نہ کرنے یا پھر ہوم ورک نہ کرنے پر مختلف طرح کی سزائیں دی جاتی ہیں اسی طرح کی ایک خبر بھارت سے آئی ہے جہاں پر ایک کم سن طالبہ کو ہوم ورک نہ کرنے پر 450 مرتبہ اٹھک بیٹھک کرائی گئی جس کا حکام نے فوری طور پر نوٹس لیا اور ٹیچر کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں پیش آیا جہاں ٹیوشن پڑھانے والی ٹیچر نے 8 سالہ طالبہ کو ہوم ورک مکمل نہ کرنے پر سزا دی جس میں ٹیچر نے لڑکی سے 450 مرتبہ اٹھک بیٹھک کرائی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق تیسری کلاس کی طالبہ نے ٹیچر کی طرف سے کی جانے والی سزا پوری کی لیکن جب وہ گھر پہنچی تو چلنے کے قابل نہیں تھی جس پر بچی کے اہلخانہ نے اسے ہسپتال منتقل کیا۔
بچی کی والدہ نے ٹیوشن ٹیچر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی جس میں خاتون نے الزام لگایا کہ ان کی بچی پر ٹیچر نے بری طرح تشدد کیا جس سے اس کے پیروں پر سوجن آگئی۔
پولیس نے بچی کی والدہ کی شکایت پر ٹیوشن ٹیچر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔