بندروں کو بھگانے کیلئے انسان ’بھالو‘ بن گئے

Last Updated On 29 January,2020 06:32 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں بندروں سے تنگ افراد انہیں بھگانے کے لیے مختلف طریقے اپناتے ہیں، کچھ ایسے طریقے ہوتے ہیں جسے دیکھ کر سب لوگ حیران ہو جاتے ہیں، ایسی ہی ایک خبر بھارت سے آئی ہے جہاں پر بندروں کو بھگانے کے لیے انسانوں نے انوکھا حل نکالتے ہوئے ’بھالو‘ کا روپ دھار لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے گاؤں سکندر پور میں بندروں نے قبضہ کر لیا جن کو بھگانے کے لیے مکینوں نے بھالو کے روپ دھار لیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دو ہزار کے قریب بندروں نے گاؤں پر قبضہ جمایا اور انہوں نے تقریباً ہر گھر کو نقصان پہنچایا جس کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گاؤں کے سربراہ رام للت ورما کا کہنا ہے کہ ہم نے بندروں کو بھگانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی مگر وہ ہم پر ہی پلٹ کر حملہ آور ہوتے ہیں۔ گاؤں کے لوگوں نے سوچ بیچار کے بعد بندروں کو بھگانے کے لیے انوکھا فیصلہ کیا۔

چونکہ بندر بھالو (ریچھ) سے ڈرتے ہیں اس لیے گاؤں والوں نے اُن کے روپ دھارے اور سڑکوں پر نکل آئے جبکہ کچھ مکینوں نے اپنی گلیوں، گھروں میں ریچھ کے مجسمے بھی نصب کیے۔

گاؤں کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بندروں سے علاقہ خالی کرانے کے لیے ہمیں بھی جانور بننا پڑ رہا ہے کیونکہ حکومت یا مقامی انتظامیہ کی جانب سے اقدامات نہیں کیے گئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سکندر پور کے لوگ بندروں کی وجہ سے بھالو بننے پر مجبور ہیں، ہم اپنے گھروں کی حفاظت کے لیے یہ قدم اٹھا رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق علاقہ مکینوں کے روپ دھارنے کے بعد دو روز کے اندر ہی بندروں نے واپس جانا شروع کردیا اور اب سکندر پور میں چند ہی بندر موجود ہیں۔