لندن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں لوگ اپنا جیون ساتھی چننے کے لیے سوشل میڈیا سمیت دیگر پلیٹ فارم کا سہارا لیتے ہیں تاہم ایک حیران کن خبر نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے، یہ خبر برطانیہ کی ہے، جہاں پر ایک نوجوان نے جیون ساتھی کے انتخاب کے لیے شہر کے مشہور چوک کے بل بورڈ پر اشتہار لگوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق جیون ساتھی اور محبت کی تلاش میں ایک شخص نے انوکھی ہی حرکت کر ڈالی جو سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہو رہی ہے اور ان کا یہ طریقہ کار آمد بھی ثابت ہوا۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے مارک روف نامی نوجوان نے جیون ساتھی کی تلاش کے لیے عام طریقوں سے ہٹ کر کچھ مختلف کیا اور ان کے اس انوکھے طریقے کے بعد انہیں بے شمار لڑکیوں کی فون کالز بھی موصول ہونے لگیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مارک روف نے جیون ساتھی کی تلاش کے لیے انوکھا طریقہ اپناتے ہوئے 425 برطانوی پاؤنڈ (یعنی تقریباً 87 ہزار) خرچ کر کے مانچسٹر کے سب سے مصروف روڈ پر ایک بڑے بل بورڈ پر اشتہار لگوا دیا۔
مانچسٹر کی مقبول ترین سڑک پر اس بڑے سے بل بورڈ کے اشتہار میں محبت کے متلاشی نوجوان کی تصویر کے ساتھ لکھا تھا کہ اگر آپ سنگل یعنی اکیلے ہیں تو اس بات کا اشارہ ہے کہ جس کا آپ کو انتظار ہو سکتا ہے۔
اس شخص کی جانب سے بل بورڈ کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ میں بل بورڈ پر ہوں، مجھے افسوس ہو رہا ہے کہ میں نے اپنے بال کیوں نہیں کٹوائے۔
30 سالہ مارک روف کا کہنا تھا کہ بل بورڈ پر اشتہار دینے کے بعد انہیں لڑکیوں کی بے شمار فون کالز آ رہی ہیں اور اب تک ان سے 100سے زائد لڑکیاں بات کر چکی ہیں۔