لاہور: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے ایک ایسی خبر سامنے آئی ہے جسے پڑھ کر ہر کوئی افسردہ ہو گیا، خبر کے مطابق یو اے ای میں بیوی کے انتقال کے 13 گھنٹے کے بعد معمر شوہر بھی انتقال کر گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’خلیج ٹائمز‘‘ کے مطابق بیوی سے محبت کی ایک مثال متحدہ عرب امارات میں سامنے آئی جہاں برسوں ساتھ گزارنے والی اہلیہ کے انتقال پر بوڑھا شوہر بھی صدمے سے چل بسا۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق 107 سالہ غازی علی نے اپنی 90 سالہ اہلیہ کے ساتھ تقریباً 65 سال سے زائد کا عرصہ گزارا اور وہ اہلیہ کے دنیا سے جانے کا صدمہ برداشت نہیں کرسکے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق 107 سالہ غازی علی متحدہ عرب امارات کے سینئر ترین شہری تھے جو 1913ء کو پیدا ہوئے تھے۔ وہ اپنے بیوی کے ہمراہ وادی غیلیلا میں رہ رہے تھے، یہ وادی راس الخمیہ شہر سے تقریباً چالیس کلو میٹر دور ر ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق مرحوم میاں بیوی کے قریبی رشتے داروں کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی 65 سال سے ساتھ ہنسی خوشی زندگی گزاررہے تھے، دونوں بہت بوڑھے اور بیمار تھے اور اس کے باوجود بھی ایک دوسرے سے بے حد محبت کرتے تھے۔
غازی علی کے پوتے نے بتایا کہ دادا کافی عرصے سے بیماری کا شکار تھے، جب دادا کو دادی کے انتقال کا پتہ چلا تو وہ اس بات کو تسلیم نہیں کرپارہے تھے، دادی کا انتقال اُسی دن صبح کے 4 بجے ہوا تھا جس کے چند گھنٹے بعد دادا بھی دنیا سے رخصت ہوگئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں میاں بیوی کی تدفین ایک ہی قبرستان میں کی گئی جہاں دونوں کی قبریں بھی ایک ساتھ ہیں۔