دنیا کے بہادر ترین مینڈک کا حیران کن کارنامہ دیکھ کر سب حیران

Last Updated On 07 February,2020 06:18 pm

ملبورن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کچھ ایسی خبریں دیکھنے اور سننے کو ملتی ہیں جن پر فوری طور پر یقین کرنا مشکل ہو جاتا ہے، اسی طرح کی ایک خبر آسٹریلیا سے آئی ہے جہاں پر ایک مینڈک سامنے آیا ہے جسے دنیا کا بہادر ترین مینڈک کا اعزاز مل گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے شمال مشرقی علاقے کوئنز لینڈ کے مینڈک کو دنیا کے بہادر ترین مینڈک کا اعزاز مل گیا۔مینڈک کو یہ اعزاز ماہرین نے نہیں بلکہ عام لوگوں اور جانوروں سے انسیت رکھنے والے لوگوں نے دیا۔

ہوا کچھ یوں کہ فیس بک آئی ڈی جیمی چیپل نے اپنے اکاؤنٹ سے مینڈک کی تصاویر شیئر کیں جو بہت ہی غیر معمولی تھیں کیونکہ اس میں مینڈک دنیا کے خطرناک ترین زہریلے سانپ کو چبا رہا تھا جسے دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔

حیران کن طور پر یہ واقعہ تین روز قبل پیش آیا اور اب تک مینڈک نہ صرف زندہ ہے بلکہ وہ معمول کے مطابق اچھل کود بھی کررہا ہے۔

فیس بک پر شیئر ہونے والی تصاویر کے ساتھ لکھا تھا کہ سر سبز درختوں پر رہنے والے مینڈک سانپ کی نسل کوسٹل تائیپان کو کھا گیا، یہ دنیا میں زہریلی ترین نسل کا سانپ ہے۔

صارف نے لکھا کہ انہوں نے ایسا منظر پہلی بار دیکھا کہ ایک مینڈک زہریلے ترین جانور کو کھا رہا ہے۔

فیس بک پر تصویر شیئر ہوئی تھی صارفین نے اس مینڈک کو بہادر ترین قرار دیا جبکہ جانوروں سے انسیت رکھنے والے لوگ ان تصاویر کو دیکھ کر ششدر رہ گئے۔