’ایک ہی وقت میں دو ہزار سے زائد موبائل فونز رکھنے والا شخص‘

Last Updated On 02 March,2020 03:39 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں سمارٹ فونز کے شیدائی افراد کی تعداد لاکھوں میں ہے جو اپنے پاس نت نئے سمارٹ فونز رکھنے کے خواہشمند رہتے ہیں تاہم بھارت میں ایک ایسا شخص سامنے آیا ہے جس کے پاس ایک ہی وقت میں دو ہزار سے زائد موبائل فونز ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر ممبئی سے تعلق رکھنے والے جیش کیل کو موبائل فون جمع کرنے کا جنون کی حد تک شوق ہے۔ جیش کو موبائل فونز جمع کرنے کا شوق 5 سال قبل سے ہوا اور اب ان کے پاس 2 ہزار 371 قابلِ استعمال پرانے فونز ہیں جن میں زیادہ تر نوکیا کے ہیں۔

ان کی خواہش ہے کہ وہ سب سے زیادہ قابلِ استعمال موبائل فونز جمع کرنے کا عالمی ریکارڈ بنائیں۔

موبائل فون جمع کرنے والے شخص کا کہنا ہے کہ انہیں موبائل فونز سے اس وقت محبت ہوئی جب وہ کالج میں پڑھتے تھے اور ان کے پاس نوکیا کا 3310 موبائل فون تھا اور وہ 2 منزل سے گرنے کے باوجود بھی چل رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ موبائل فون کی پائیداری سے اس قدر متاثر ہوئے کہ انہوں نے موبائل فونز جمع کرنا شروع کردیے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے اس شوق کے حوالے سے دوستوں اور گھر والوں کے ملے جلے خیالات ہیں، کچھ لوگ مجھے پاگل سمجھتے ہیں جب کہ کئی لوگوں کو مجھ پر فخر بھی ہے۔