لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں ایڈوانچرز کے شوقین افراد کچھ کرنے کے شوق میں کئی بار خوفناک صورتحال کے قریب پہنچ جاتے ہیں، اسی طرح کی خبر انڈونیشیا سے آئی ہے، جزیرے بالی پر دو ڈائیورز کو اس وقت خوفناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک خطرناک مچھلی نے ان پر حملہ کر دیا اور کیمرہ توڑ دیا۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ٹائیگر نامی مچھلی کو زیر آب تیراکی کرنے والے دو غوطہ خوروں پر حملہ آور ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، مچھلی نے پہلے غوطہ خوروں کو اپنے علاقے میں تیراکی پر خبردار کیا اور اس کے بعد غوطہ خور پر حملہ کر دیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زرد رنگ کے چہرے والی ٹائیگر نامی مچھلی غوطہ خور کی ٹانگ پر کاٹتی ہے اور پھر ان کا کیمرہ بھی توڑ دیتی ہے۔
ماہرین آبی حیات کا کہنا تھا کہ عموماً ٹائیگر فش اس طرح حملہ نہیں کرتی لیکن ان دنوں میں مذکورہ مچھلی سمندری ریت پر کون نما گھونسلا بناکر اس میں انڈے دیتی ہے اور اگر کوئی اس کے قریب آئے تو اپنے دفاع کیلئے اس پر حملہ کرتی ہے۔
ماہرین آبی حیات کا کہنا ہے ٹائیگر فش زہریلی نہیں ہوتی لیکن اس کے آری جیسے دانت انتہائی خطرناک ہوتے ہیں جو غوطہ خوروں کو گہرے زخم دے سکتے ہیں۔