بھارت: دولہے کا باپ اور دلہن کی ماں ایک مرتبہ پھر بھاگنے میں کامیاب

Last Updated On 03 March,2020 05:40 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) دو ماہ قبل بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت سے حیران کن خبر آئی تھی جس میں دولہا اور دلہن کی شادی سے چند روز قبل دولہے کا باپ اور دلہن کی والدہ فرار ہو گئے تھے، جنہیں 17 دن بعد گھر والے واپس لے آئے تھے تاہم دونوں ایک مرتبہ پھر بھاگنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

بھارتی خبر رساں ادارے ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ شخص 45 سالہ ٹیکسٹائل بزنس مین ہے اور وہ جس عورت کو دوسری بار بھگا کر لے گیا ہے، اس کے ساتھ پیار کرتا تھا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں ہمسائے میں رہتے تھے اور ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے۔ تاہم کسی وجہ سے ان کی شادی نہ ہو سکی اور لڑکی بیاہ کر سورت میں ہی کسی اور کالونی میں چلی گئی۔ لڑکی کی شادی کے بعد بھی دونوں کا تعلق قائم رہا اور چھپ چھپ کر ملتے بھی رہے۔

تاہم کچھ عرصے بعد لڑکی کے شوہر کی بھی شادی ہو گئی اور دونوں والدین بھی بن گئے، جب اولاد جوان ہوئی تو انہوں نے سمدھی بننے کا فیصلہ کر لیا۔ چنانچہ بھارتی شہری کے بیٹے کا اس عورت کی بیٹی کے ساتھ رشتہ طے ہو گیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق دسمبر کی 26تاریخ کو اس دلہا دلہن کی شادی تھی لیکن محض دو روز قبل دولہا کا باپ اور دلہن کی ماں گھروں سے بھاگ گئے۔ بھاگ جانے کے بعد شادی منسوخ کر دی گئی اور دونوں خاندان انہیں واپس لانے کے جتن کرنے لگے۔

17فروری کو دونوں گھروں کے لوگ ان دونوں کو واپس گھر لانے میں کامیاب ہو گئے۔ واپسی پر خاتون کے شوہر نے گھر میں داخل ہونے سے روک دیا۔ جب وہ خاندان والوں کے سمجھانے پر بھی رضامند نہ ہوا تو عورت کو مجبوراً میکے جانا پڑ گیا۔

ادھر اس کے آشنا نے واپس آنے کے بعد اپنے گھر والوں پر واضح کر دیا کہ گر اس عورت کو اس کا شوہر اب قبول نہیں کرتا تو میں اس کی تمام تر ذمہ داری اٹھاﺅں گا۔

شوہر کی بات کے بعد گھر والوں اور سسرالیوں نے کئی بار اس کے ساتھ سیشن کیے اور اسے سمجھانے کی کوشش کی کہ اب وہ اس عورت کو بھول جائے۔ لیکن اس پر ان کی نصیحتوں کا اثر نہ ہوا اور گزشتہ روز وہ اسی خاتون کو لے کر دوبارہ گھر سے بھاگ گیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ ممکنہ طور پر انہوں نے سورت کے علاقے واراشا میں گھر کرائے پر لے رکھا ہے اور اکٹھے رہ رہے ہیں۔ اس آدمی نے اپنے دوستوں کو فون بھی کیے ہیں اور ان سے مالی مدد مانگی ہے۔ تاہم ان کی حتمی لوکیشن کا تاحال کسی کو علم نہیں۔