جاپان: گیم کے شوقین افراد کیلئے خاص بیڈ متعارف کرا دیا گیا

Last Updated On 04 March,2020 06:09 pm

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جس طرح لوگوں میں سمارٹ فونز استعمال کرنے کی عادت ہوتی ہے بالکل اس ہی طرح گیم کے شوقین افراد بھی پائے جاتے ہیں جنہیں گیم کھیلنے کی لت یا عادت پڑجاتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلسل کئی گھنٹوں بیٹھ کر گیم کھیلنے کی وجہ سے ناصرف انسان تھکاوٹ کا شکار ہوجاتا ہے بلکہ اس سے پوسچر بھی خراب ہوجاتا ہے۔ ان تمام تر مسائل کو مدِنظر رکھتے ہوئے جاپان کے ایک گیمنگ فرنیچر بنانے میں ماہر شخص نے گیم کھیلنے والے افراد کے لیے ایک خاص بیڈ تیار کیا ہے۔

بؤہیوٹ نامی جاپانی شخص گیمرز کے لیے خاص فرنیچر بنانے میں مہارت رکھتے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے گیم کھیلنے والوں کے لیے ایک ایسا بیڈ تیار کیا ہے جس میں اگر آپ تھک جائیں تو لیٹ کر بھی گیم کھیلا جاسکتا ہے۔

اس نرم وملائم بیڈ میں سمارٹ فون ہولڈر بھی ہے جسے میں آپ اپنے فون کو لگا سکتے ہیں اور اس طرح فون استعمال کرنا بھی آسان ہوجاتا ہے۔

اس جدید اور نرم و ملائم بیڈ پر آپ بیٹھ کر یا لیٹ کر گیم کھیلنے کے ساتھ ساتھ نیند آنے پر سو بھی سکتے ہیں۔ اگر آپ بھی گیم کے شوقین ہیں اور اس جدید بیڈ کو خریدنا چاہتے ہیں تو آپ یہ بیڈ 1100 ڈالرز ( تقریباً 1 لاکھ 65 ہزار روپے) میں خرید سکتے ہیں۔