سڈنی: (روزنامہ دنیا) نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک انسان اپنے چہرے کو ایک گھنٹے میں اوسطاً 16 بار چھوتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اب کرونا وائرس کے باعث ماہرین مسلسل ہاتھوں کی صفائی اور انہیں چہرے سے دور رکھنے کی تاکید کرتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نقصان سے محفوظ رہنے کیلئے ہاتھ دھونے کی عادت ڈالنی چاہئے، ہاتھ دھونے کے فائدہ بھی اسی وقت ہوگا جب ہاتھ دھونے میں کم از کم 20 سیکنڈ کا وقت صرف کیا جائے۔
انسانی نفسیات کے ایک ماہر کا کہنا تھا کہ عام طور پر لوگ روز مرہ معمولات کے دوران پیروں کوہلانے، بالوں سے کھیلنے اور چہرے کو چھونے جیسی مختلف حرکات کے عادی ہوتے ہیں۔ لطف کی بات یہ ہے کہ وہ یہ سب غیر ارادی طور پر کرتے ہیں اور انہیں اس کا احساس تک نہیں ہوتا۔ یہ فعل مطالعے کے دوران، دفتری کام یا فون پر بات کرتے ہوئے انجام پاتا ہے۔
تازہ تحقیق کے مطابق چہرے کو ہاتھ لگانا جیسی غیرارادی حرکات کرونا وائرس کے پھیلاو میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں اور حکام نے اس حوالے سے خاص احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔