لندن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تعداد تیزی سے پھیل رہی ہے، اس مہلک بیماری کے باعث ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، وہیں پر طبی ماہرین عوام کو اپنے ہاتھ صاف رکھنے اور سینیٹائزر استعمال کرنے کا مشورہ دیتے رہتے ہیں، تاہم برطانیہ میں ایک انوکھی چوری کی واردات ہوئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے علاقے نارتھ امتھن میں چور نے مقامی ہسپتال کی دیوار پر نصب سینی ٹائزر کو اکھاڑا اور لے کر فرار ہوگیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چور نے بڑی مہارت سے ہاتھ صاف کیا جبکہ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ 9 مارچ کو پیش آیا البتہ سی سی ٹی وی آج منظر عام پر آئی۔ کوروناوائرس کے پیش نظر برطانیہ میں ہیڈسینی ٹائزر کی قلت کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انوکھی واردات: چور کورونا ٹیسٹنگ ٹینٹ لے اُڑے، پولیس کی ٹیسٹ کروانے کی اپیل
اس سے قبل نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں بھی ایک انوکھی واردات کے دوران چوروں نے ہسپتال کے باہر کورونا وائرس ٹیسٹنگ کے لیے لگایا گیا ٹینٹ چرا لیا تھا۔
تاہم پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ان چوروں میں کووڈ 19 کی تشخیص ہونے کا امکان ہے اس لیے انھیں چاہیے کہ وہ اپنے ٹیسٹ کروا لیں۔
پولیس کی جانب سے فیس بک پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ ہسپتال کے باہر شہر کے باسیوں کی ٹیسٹنگ کے لیے ٹینٹ لگایا گیا تھا اور ہسپتال کے عملے کو اس کی چوری کے حوالے سے آج صبح ہی معلوم ہوا ہے۔
ایسٹ ہیلتھ ٹرسٹ نامی ہسپتال کی چیف کا کہنا تھا کہ کسی بیوقوف نے ہمارا کووڈ 19 ٹیسٹ چرا لیا ہے، اسے کنکریٹ میں میخیں لگا کر نصب کیا گیا تھا اور وہ اسے اکھاڑ کر لے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جس نے بھی یہ ٹینٹ چوری کیا ہے وہ نام نہ ظاہر کر کے ہمیں اس کے بارے میں اطلاع دے اور اپنا کورونا وائرس ٹیسٹ کروا لے۔