امریکا میں کورونا وائرس کے باعث کم عمر نومولود چل بسا

Last Updated On 02 April,2020 06:58 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں خوف کا عالم بنے ہوئے کورونا وائرس کے باعث 45 ہزار سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں تاہم اس مہلک وباء کے باعث سب سے پہلے نومولود بچے کی لاکت سامنے آئی ہے جو امریکا میں رپورٹ ہوئی ہے۔

امریکی ریاست کنیکٹی کٹ کے گورنر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں تصدیق کی کہ 6 ہفتے قبل پیدا ہونے والا بچہ کورونا وائرس سے ہلاک ہوگیا جو اب تک دنیا میں کورونا سے سب سے کم عمر میں ہونے والی ہلاکت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بچے کا تعلق ہارٹ فورڈ سے تھا جسے گزشتہ ہفتے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا۔

کنیکٹی کٹ کے گورنر کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات نومولود بچے کے کووڈ-19 کے نتائج مثبت آئے جو کہ ایک دل دہلانے والی بات تھی، ہمارا ماننا ہے کہ یہ اب تک کی وائرس سے سب سے کم عمر ہلاکت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایسا وائرس ہے جس نے بڑی بے رحمی سے سب سے نازک پر حملہ کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ گھر پر رہنے اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا جارہا ہے کیونکہ آپ کی زندگی اور دوسروں کی زندگی اس پر منحصر ہے۔
 

Advertisement