پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں میں مسلسل اضافہ، تعداد 2386 تک پہنچ گئی

Last Updated On 02 April,2020 11:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 95 نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 6 اموات ہوئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 34 تک جا پہنچی ہے۔ 9 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 107 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اس وقت کورونا وائرس کے معاملے پر صوبہ پنجاب کی صورتحال سب سے گھمبیر ہے۔ صوبے میں اب تک 922 کنفرم کیس ہیں، جاں بحق افراد کی تعداد 9 جبکہ 6 مکمل صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔

دیگر صوبوں کی بات کی جائے تو دوسرے نمبر پر صوبہ سندھ ہے جہاں 761 کنفرم کیس ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 276، بلوچستان میں 169، گلگت بلتستان میں 187، اسلام آباد میں 62 جبکہ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 9 ہے۔

کورونا وائرس کا پھیلاؤ اور صوبہ پنجاب کی صورتحال

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق کورونا وائرس سے لاہور میں 5، راولپنڈی میں 4، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں ایک ایک مریض جاں بحق ہوا۔ ڈی جی خان سے 213 زائرین، ملتان 91 زائرین، رائے ونڈ کورنٹین 142 اور فیصل آباد کورنٹین میں 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

اس کے علاوہ لاہور میں 199، قصور 1، ننکانہ صاحب 13، راولپنڈی 53، جہلم 28، اٹک، ایک، گوجرانوالہ 14، گجرات 90، منڈی بہاء الدین 14، حافظ آباد 5، نارروال میں 2، سیالکوٹ ایک، سرگودھا 10، میانوالی 3، خوشاب1، ملتان 2، وہاڑی 2، فیصل آباد 9، رحیم یار خان میں 3، بہاولنگر 3، بہاولپور 1، لودھراں 2، لیہ ایک اور ڈی جی خان میں 5 مریض ہیں۔

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 20 نئے کیسز کی تصدیق

وزیر صحت سندھ نے صوبے میں کورونا کے مزید 20 نئے کیسز کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ آج کراچی میں 12 جبکہ سکھر میں 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سکھر میں رپورٹ نئے کیسز زائرین کے ہیں جنہیں 31 مارچ کو سکھر لایا گیا تھا۔

سکھر قرنطینہ میں اب تک 250 کرونا متاثرین زیر علاج جبکہ 23 زائرین صحتیاب ہو چکے ہیں۔ اب تک سندھ میں صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 56 ہو چکی ہے۔ کراچی میں اس وقت 295 اور حیدر آباد میں 135 کرونا متاثرین زیر علاج ہیں۔

حیدر آباد میں اب تک ایک کورونا متاثر مریض ہلاک جبکہ ایک صحتیاب ہوا۔ شہید بینظیر آباد میں 6، جیکب آباد اور دادو سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔

لاڑکانہ قرنطینہ میں رکھے گئے زائرین میں 7 کیسز پازیٹو ہیں۔ سندھ بھر میں 7 ہزار 504 کورونا کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ سندھ میں 10 افراد کورونا سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ صوبے میں 416 افراد میں وائرس بذریعہ سماجی رابطہ سے منتقل ہوا۔

’کورونا کا کسی فرقے سے تعلق نہیں، مرنے والوں کیلئے جاں بحق یا شہید کا لفظ استعمال کیا جائے‘


چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہناہے کہ،،کورونا کا کسی فرقے سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس مرض کے باعث مرنے والے افراد کیلئے جاں بحق یا شہید کا لفظ استعمال کیا جائے۔


اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر قبلہ ایاز نے مساجد کو کمیونٹی سینٹر قرار دینے اور عوام سے گھروں میں نماز جمعہ ادا کرنے کی درخواست کی۔

ڈاکٹر قبلہ ایاز نے درخواست کی کہ کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ میں رشتہ داروں کو شرکت کی اجازت ہونی چاہیے۔ احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں لیکن خوف اور ڈر کا پہلو نہیں ہونا چاہیے۔

پشاور: خاتون میں کورونا وائرس کی تصدیق، انتظامیہ نے کوتوالی محلہ ہدیٰ سیل کردیا

پشاور کی رہائشی خاتون میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد انتظامیہ نے کوتوالی محلہ ہدیٰ کو سیل کر دیا ہے۔ علاقے میں وائرس پھیلنے کے پیش نظر محلہ کو کورڈن آف کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی، ڈی سی پشاور اور وزیراعلیٰ کے مشیر ارباب شہزاد نے متعلقہ علاقے کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ انتظامیہ نے شہریوں کو حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کے احکامات کی روشنی میں کوتوالی محلہ ہدیٰ کو لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

ڈاکٹرز اور طبی عملے کیلئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کی منظوری

وزیراعظم عمران خان نے وفاق میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت کورونا وائرس کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اسد عمر، معاون خصوصی ظفر مرزا اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے اقدامات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی کے آئندہ اجلاس کے پیش نظر کثیر الضابطہ ریسرچ کمیٹی قائم کی جائے گی۔ مختلف شعبوں کے حوالے سے اپنی سفارشات مرتب کرکے نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی کے سامنے پیش کرے گی۔ ان سفارشات کی روشنی میں کمیٹی مستقبل کے لائحہ عمل کا تعین کر سکے گی۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہ کہ موجودہ صورتحال میں درست اور حقائق پر مبنی ڈیٹا کی دستیابی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ درست ڈیٹا کی فراہمی کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی حالات اور واقعات کے مطابق بہترین اقدامات اٹھائے جا سکیں گے۔ پاکستان میں حالات دنیا سے مختلف ہیں، ہر فیصلہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

لاہور میں کورونا وائرس کے مریضوں پر دو دوائیوں کا تجربہ کامیاب، مریض صحتیاب

کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لئے ہائیڈروکسی کلوروئین اور ایزیتھرو مائی سین دوائیاں فائدہ مند ثابت ہونے لگی ہیں۔ مریضوں کو ان ادویات کا پانچ دن کا کورس مکمل کرایا گیا، اب تک اٹھارہ مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی ملیریا کیلئے استعمال ہونے والی دو دوائیوں ہائیڈروکسی کلوروئین اور ایزیتھرو مائی سین کو کورونا وائرس کے مریضوں پر استعمال کرنے کے کامیاب نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

متاثرہ مریضوں کو ہائیڈروکسی کلوروئین پہلے روز دو گولیاں صبح اور دو شام دی گئیں جبکہ باقی چار دن ایک گولی صبح اور ایک شام دی جا رہی ہے۔

کورونا ایڈوائزری گروپ کے کوچیئرپرسن اسد اسلم نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلے کی سوزش، بیکٹریا، جلد کے انفیکشن، آنکھ اور کان کے انفیکشن کے لئے استعمال ہونے والی ایزیتھرومائی سین ایک گولی صبح اور شام پانچ دن کا کورس مکمل کروایا جاتا ہے۔ تمام سرکاری ہسپتالوں میں یہ ادویات استعمال کروا کر مریضوں کو صحت یاب کیا جارہا ہے۔

ڈاکٹر اسد کا مزید کہنا تھا نجی معالج بھی یہ دو ادویات اپنے کورونا کے مریضوں کو استعمال کر سکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ یہ دوا اپنے معالج کے مشورہ کے بغیر کھانے سے سائیڈ ایفیکٹ بھی کر سکتی ہے، اس لئے ڈاکٹر کی مشاورت کے بغیر اسے استعمال نہ کیا جائے۔

پروفیسر اسد اسلم نے بتایا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کو دو ادویات کا پانچ دن کا کورس مکمل کرایا گیا، اب تک اٹھارہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ان مریضوں میں میو ہسپتال کے 8، پی کے ایل آئی کے 4 اور پنجاب کے دیگر اضلاع سے 5 مریض صحتیاب ہوئے۔

پاکستان کی کورونا ٹیسٹنگ کٹس جلد دستیاب ہوگی، فواد چودھری کا بڑا دعویٰ

وفاق وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ دو سے تین دنوں میں پاکستان کی کورونا ٹیسٹنگ کٹ دستیاب ہوگی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نسٹ یونیورسٹی نے کورونا ٹیسٹنگ کٹس، ڈرون سپرے اور وینٹی لیٹرز کے نمونے تیار کر لیے ہیں۔ چند ہفتوں میں ڈیڑھ لاکھ کٹس بنانے کے قابل ہو جائیں گے۔ پاکستان جلد وینٹی لیٹرز ایکسپورٹ بھی کرے گا۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے نسٹ یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا اور تیارہ کردہ کورونا ٹیسٹنگ کٹس، وینٹی لیٹرز، سینیٹائزرز اور کورونا ڈرون سپرے کے نمونوں کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو میں فواد چودھری نے یہ نوید بھی سنائی کہ پاکستان بہت جلد وینٹر لیٹرز ایکسپورٹ بھی کرے گا۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پندرہ اپریل تک کورونا کے مریضوں کی تعداد دیکھنے کے بعد لاک ڈاؤن بڑھانے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

کورونا وائرس کو شکست دینے والے شہری یحییٰ جعفری نے پلازمہ عطیہ کر دیا

کرونا وائرس کا شکار ہوئے پہلے مریض یحییٰ جعفری نے صحت یاب ہو کر پلازمہ چلڈرن ہسپتال کو عطیہ کر دیا ہے۔ اس سے مہلک وائرس کا شکار دیگر مریضوں کا علاج کیا جا سکے گا۔

تفصیل کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے پہلے مریض یحییٰ جعفری نے والدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ وائرس تاریخ کا حصہ بن جائے گا لیکن اس کے لیے ہمت اور ارادہ ضروری ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں خون کی بیماریوں کے ماہر ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ مریض حکومت کی اجازت کے منتظر ہیں۔ کورونا سے صحت یاب ہونے والے نوجوان مریض جن کی عمریں 18 سے 50 سال درمیان ہیں وہ اپنا پلازمہ عطیہ کرکے دیگر مریضوں کی زندگیاں بچا سکتے ہیں۔

پاک بحریہ کا جذبہ خیرسگالی، ساحلی علاقوں اور ملک کے بیشتر شہروں میں راشن تقسیم

ملک بھر میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر پاک بحریہ کی جانب سے ساحلی علاقوں سمیت مختلف شہروں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے۔

تفصیل کے مطابق پاک بحریہ نے جذبہ خیر سگالی کے تحت گوادر، پسنی، بن قاسم، سومیانی، شاہ بندر، کیٹی بندر اور دیگر ملحقہ علاقوں کے مستحق خاندانوں کے لیے ایک ماہ کا راشن فراہم کیا۔

علاوہ ازیں پاک بحریہ نے کراچی، لاہور، فیصل آباداور بہاولپور کے علاقوں میں بھی راشن تقسیم کیا۔ اس کیساتھ ساتھ پاک بحریہ کے جوانوں نے کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے آگہی مہم کا انعقاد کیا اور ذاتی تحفظ کا سامان تقسیم کیا۔

پاک بحریہ ویمن ایسوسی ایشن نے کراچی میں کم آمدنی والے سیویلین سٹاف، ماہی گیروں کی ایسوسی ایشن اور اسلام آباد کے کورونا وائرس سے متاثرہ علاقہ بارہ کہو اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی راشن تقسیم کیا۔

کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ اس عظیم قومی مقصد میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

راولپنڈی میں کورونا وائرس مریضوں کی تعداد 56 ہوگئی

راولپنڈی میں کورونا وائرس مریضوں کی تعداد 56 جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو کا تعلق جہلم اور سوہاوہ جبکہ دو کا ٹیکسلا اور گوجر خان سے ہے۔ اب تک مجموعی طور پر تین ہزار 45 افراد کی سکریننگ کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق اب تک راولپنڈی میں تصدیق شدہ کورونا مریضوں کی تعداد 56 ہے۔ 48 مریض راولپنڈی جبکہ 9 مریض دوسرے اضلاع کے ہیں۔ 90 مریضوں کی ٹیسٹ رپورٹ نیگیٹو رہی جبکہ سات مریضوں کی رپورٹ موصول نہیں ہو سکی ہے۔

ادھر ضلعی انتظامیہ کے مطابق 37 مریضوں کو تاحال آر آئی یو میں قائم قرنطینہ میں زیر علاج رکھا گیا ہے۔ ائیررپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی، کلیام اعوان اور اکال گڑھ سے بھی کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں۔ متاثرہ علاقے کی گلیوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔

صوبہ سندھ میں جمعہ کی دوپہر 12 سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن

صوبہ سندھ میں جاری لاک ڈاؤن کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ جمعہ کی دوپہر 12 سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔ سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ان اوقات کار میں عوام کی نقل وحرکت پر مکمل پابندی ہوگی۔ 3 سے 5 افراد کو باجماعت نماز ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔ پیش امام، موذن، خادم اور اس کے علاوہ مزید 2 افراد باجماعت نماز پڑھ سکتے ہیں۔ نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ شہری اپنے گھروں پر نماز ادا کریں۔