بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں کورونا وائرس کی وبا کے بعد کتے ، بلیوں، سانپ، مینڈک اور کچھوؤں کے گوشت کھانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین سے جنم لینے والے کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہزاروں افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں، اس مہلک وباء کے باعث یورپ، امریکا میں روز بروز ہلاکتوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، بظاہر چین نے اس بیماری پر کنٹرول پا لیا ہے تاہم بیماری کے بعد حالات کو کنٹرول میں آنے کے بعد مزید سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین میں کورونا وائرس کی وبا کے بعد کتے اور بلیوں کا گوشت کھانے پر پابندی کا تاریخی قانون ایک کروڑ 30 لاکھ کی آبادی والے چین کے شہر شین زین میں پاس کیا گیا ہے جس پر یکم مئی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔
نئے قانون کے مطابق کتے بلیوں کے علاوہ سانپ، مینڈک اور کچھوؤں کے گوشت پر بھی پابندی ہو گی۔ اس فیصلے کو تاریخی فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ چین نے اس سے پہلے جنگلات کے کٹاؤ اور تجارت پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا چین کے شہر ووہان سے پھیلنا شروع ہوئی تھی اور جس کے بارے میں خیال کیا جاتا رہا کہ شاید یہ چمگاڈر یا کسی پالتو جانور کا گوشت کھانے سے پھیلی ہے۔
چین میں کورونا وائرس کی وجہ سے 3 ہزار 3 سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 80 ہزار سے زائد افراد اس وبا سے متاثر ہوئے تاہم اب چین نے اس وبا پر کسی حد تک قابو پالیا ہے۔