اسلام آباد: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں کورونا وائرس مریضوں کی تعداد 56 جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد چار ہو گئی ہے۔
جاں بحق ہونے والوں میں دو کا تعلق جہلم اور سوہاوہ جبکہ دو کا ٹیکسلا اور گوجر خان سے ہے۔ اب تک مجموعی طور پر تین ہزار 45 افراد کی سکریننگ کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق اب تک راولپنڈی میں تصدیق شدہ کورونا مریضوں کی تعداد 56 ہے۔ 48 مریض راولپنڈی جبکہ 9 مریض دوسرے اضلاع کے ہیں۔ 90 مریضوں کی ٹیسٹ رپورٹ نیگیٹو رہی جبکہ سات مریضوں کی رپورٹ موصول نہیں ہو سکی ہے۔
ادھر ضلعی انتظامیہ کے مطابق 37 مریضوں کو تاحال آر آئی یو میں قائم قرنطینہ میں زیر علاج رکھا گیا ہے۔ ائیررپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی، کلیام اعوان اور اکال گڑھ سے بھی کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں۔ متاثرہ علاقے کی گلیوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔