ایک سو اکتالیس ایکڑ رقبے پر محیط باغ جناح لاہور پرندوں کی سب سے بڑی آماجگاہ بن گیا

Last Updated On 19 May,2020 11:44 am

لاہور: (دنیا نیوز) ایک سو اکتالیس ایکڑ رقبے پر محیط باغ جناح لاہور پرندوں کی سب سے بڑی آماجگاہ بن گیا، لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد شہر کے مختلف حصوں سے پرندوں کی بڑی تعداد باغ جناح میں امڈ آئی۔

فضا میں اُڑتے چُہلیں کرتے اور بھانت بھانت کی بولیاں بولتے ہوئے پرندے ہمارے ماحول کا خوب صورت حصہ ہیں۔ ان دنوں اگر اِنہیں ایک مرتبہ پھر اپنی پوری جولانیوں کے ساتھ دیکھنا ہو تو باغ جناح سے بہتر کوئی  جگہ نہیں ہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث ابھی تک بند پڑاباغ جناح اِس وقت لاہور میں پرندوں کی سب سے بڑی آماجگاہ بن گیا ہے۔

مکمل لاک ڈاؤن کے دوران تو بیرونی اضلاع سے پرندے لاہور میں آئے تھے لیکن اب ہدہد، بلبل، گلابی فاختائیں، شارک، طوطے، لال چونچ والی چڑیا اور دیگر مختلف اقسام کے بے شمار پرندے شہر ہی کےدیگر حصوں سے کوچ کر کے باغ جناح میں آرہے ہیں جہاں ان کی بریڈنگ میں بھی بہتری ریکارڈ کی جارہی ہے۔

بلاشبہ قدرت کی اس مخلوق کو بھی پر سکون ماحول میں رہنےکا ہمارے جتنا حق حاصل ہے۔