لاہور: (ویب ڈیسک) رومانیہ میں کورونا وائرس سے متعلق سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے ایک شخص نے جوتے تیار کر کے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی تباہی کی لپیٹ میں ہر کوئی ہے۔ جن لوگوں کو یہ نہیں لگی وہ اس کے خوف میں رہ رہے ہیں اور یہ خوف بالکل حقیقی ہے جس سے کوئی فرار نہیں۔ وبا دنیا کے مختلف ممالک میں تیزی سے ایک انسان سے دوسرے انسان تک پھیل رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فی الوقت اسے روکنے کا اگر کوئی طریقہ ہے تو وہ ہے خود کو روکنا، مطلب اپنے روز مرہ کی عادات میں تبدیلی لانا۔ ہاتھ دھونے سے لے کر ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے لے کر ان جگہوں پر اکٹھا ہونا شامل ہے جہاں مجمع زیادہ ہے۔ جتنا کم گھر سے نکلیں اتنا ہی بہتر ہے۔ بس یہ سمجھ لیں کہ کم ملنے سے محبت کم نہیں ہو رہی بلکہ اپنا اور دوسرے کا بھلا ہو رہا ہے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے پیش نظر عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ایک دوسرے کو سماجی دوری اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی ہدایت کے باوجود بھی لوگ سماجی دوری اختیار کرنے کے حوالے سے بے حد غیر سنجیدہ دکھائی دے رہے ہیں۔
اس ضمن میں متعدد ریسٹورینٹس کی جانب سے نئی حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے وائرس سے بچنے کے لیے سماجی دوری اختیار کی جا رہی ہے۔
حال ہی میں ایک رومانین موچی نے ایک ایسے جوتے پیش کیے ہیں جس کو پہننے کے بعد اب ایک دوسرے سے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے میں آسانی ہوگی۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رومانیہ سے تعلق رکھنے والی جریگور لپ نامی ایک موچی نے لمبے جوتے تیار کرنے کے بارے میں سوچا جس کو پہن کر لوگ با آسانی سماجی فاصلہ برقرار رکھ سکتے ہیں۔
36 سال سے جوتے بنانے میں مہارت رکھنے والے جریگور لپ کا کہنا ہے کہ اب انکے پاس سماجی دوری اختیار کرنے والے جوتوں کو خریدنے کے لیے متعدد آرڈرز آرہے ہیں۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے والے یہ جوتے صارفین 115 ڈالرز میں حاصل کر سکتے ہیں۔