لندن: (ویب ڈیسک) نئی چمچماتی مہنگی ترین سپورٹس کار لیمبورگینی خریدنے کے 20 منٹ بعد ہی تباہ ہوگئی، گاڑی کے ساتھ ایسا کیا ہوا کہ وہ خریدنے کے 20 منٹ بعد ہی ایسی ہوگئی؟
برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق برطانیہ کی ریاست مغربی یارک شائر میں مہنگی ترین سپورٹس کار لیمبورگینی حادثے کا شکار ہوگئی۔
حادثے کا شکار ہونے والی لیمبورگینی کو شہری نے صرف 20 منٹ پہلے ہی خریدا تھا اور اس سپورٹس کار کی قیمت 2 لاکھ پاؤنڈز یعنی پاکستانی لگ بھگ 4 کروڑ روپے تھی۔
مقامی پولیس کے مطابق اس حادثے کی وجہ لیمبورگینی سپورٹس کار کی تکنیکی خرابی تھی جس کی وجہ سے گاڑی کو شو روم سے نکالنے کے 20 منٹ بعد ہی وہ سڑک پر حادثے کا شکار ہوکر تباہ ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ یارک شائر کی ایم 1 موٹر وے پر یہ حادثہ پیش آیا اور گاڑی تکنیکی خرابی کی وجہ سے سڑک کے بیچ میں ہی رک گئی اور پیچھے سے آنے والی وین کی گاڑی سے ٹکر ہوگئی۔
علاوہ ازیں پولیس کا کہنا ہے کہ لیمبورگینی سے ٹکرانے والی وین کے ڈرائیور کے سر پر ہلکی پھلکی چوٹیں آئی ہیں۔