نئی دہلی: (ویب ڈیسک) نئی دہلی: بھارت میں ایک خاتون اپنے شوہر کے بہت زیادہ پیار کرنے اور لڑائی جھگڑا نہ کرنے پر تنگ آکر طلاق لینے عدالت پہنچ گئی۔
عرب میڈیا گلف نیوز کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک خاتون شادی کے 18 ماہ بعد اپنے شوہر کے حد سے زیادہ محبت کرنے اور لڑائی جھگڑا نہ کرنے پر تنگ آکر طلاق لینے عدالت پہنچ گئی۔
خاتون نے عدالت میں موقف اپنایا کہ شوہر بہت زیادہ پیار کرنے والا ہے اور بالکل بھی جھگڑا نہیں کرتا، وہ کپڑے، برتن دھوتا ہے اور گھر کی صفائی بھی کردیتا ہے، اگر مجھ سے کوئی غلطی ہوجائے تو بالکل بھی بحث نہیں کرتا اور فوری معاف کردیتا ہے۔
خاتون نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ وہ چاہتی ہے کہ شوہر لڑائی بھی کرے لیکن ان کا شوہر ایسا کرنے کی نوبت ہی نہیں آنے دیتا ہے۔
دوسری جانب خاتون کے شوہر کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اپنی بیوی کو خوش رکھنا چاہتا ہے، اہلیہ سے عدالت سے کیس واپس لینے درخواست بھی کی تھی۔
عدالت نے خاتون کی درخواست کو غیرعملی قرار دیتے ہوئے خارج کردیا جس کے بعد اس نے مقامی پنچایت سے رابطہ کرلیا، پنچایت کے لوگ بھی خاتون کی عجیب و غریب شکایت سن کر حیران رہ گئے اور وہ بھی اس جوڑے کی طلاق کے حوالے سے فیصلہ نہیں کرپائے۔