سماجی فاصلے کے ساتھ ہوا میں معلق منفرد ‘ریستوران’

Published On 24 October,2020 05:53 pm

بڈھاپسٹ: (ویب ڈیسک) ہنگری کے دارالحکومت بڈھاپسٹ کے ہوٹل مالک نے کورونا وبا کے باعث سیاحوں کی تعداد میں کمی کے پیشِ نظر ریستوران آنے والے سیاحوں کو 'سکائی لائن ڈائننگ' کی سہولت فراہم کر دی ہے۔

بڈھاپسٹ میں قائم   بڈھاپسٹ آئی فیریز وہیل  جو لندن میں لندن آئی کی طرز کے بڑے پہیے کی طرح آہستہ آہستہ گھومتی ہے۔ سیاح کھانا تناول کرنے کے علاوہ بلندی سے شہر کا نظارہ بھی کر سکتے ہیں۔

کوسٹیس نامی ہوٹل کے مالک کیرولے جیرینڈائی نے اپنے ریستوران کو جاری رکھنے اور کاروبار کو بڑھانے کی غرض سے یہ انوکھا اور منفرد طریقہ تلاش کیا ہے۔ اس منفرد سہولت میں سیاح آرام سے سماجی فاصلے اختیار کرتے ہوئے کھانے اور اردگرد کے ماحول سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

کیرولے کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد انہوں نے پہلے سے قائم اپنے ریستواں تو کھول لیے تھے تاہم کاروباری اعتبار سے انہیں کوئی منافع نہیں ہورہا تھا اس لیے وہ کاروبار کرنے کے نئے طریقے تلاش کرنے پر مجبور ہو گئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا کے سبب جو لوگ سماجی دوری برقرار رکھتے ہوئے کھانا کھانا چاہتے ہیں ان کے لیے فیری وہیل ریستوران محفوظ ترین جگہ ہے۔ کیوں کہ اس کا ہر کیبن الگ ہے۔ یہ سب سے آئیڈیل ہے۔

فیری وہیل میں ایک وقت میں چار من پسند کھانوں کا بل 155 ڈالر ہے جو اس میں سوار ہونے سے قبل ہی ٹکٹ کی صورت میں وصول کرلیا جاتا ہے۔

کیرولے کا کہنا ہے کہ مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی اس منفرد ڈائن ان سہولت سے لطف اندوز ہو رہی ہے۔ مقامی شہری زبولکس بلاس، ان کی اہلیہ اور دو بچے گزشتہ ویک اینڈ پرفیری وہیل میں کھانا کھانے آئے تھے۔

انہوں نے رائٹرز سے گفتگو کے دوران کہا کہ وہ دوبارہ فیری وہیل ریستوران میں آنا پسند کریں گے کیوں کہ وہ قریب ہی رہتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم اکثر کھانا کھانے مختلف ہوٹلز کا رُخ کرتے تھے۔ لیکن کرونا وبا کی وجہ سے یہ ممکن نہیں رہا تھا۔ فیری وہیل واحد راستہ بچا ہے جس میں بیٹھ کر ہم کرونا وائرس سے محفوظ ماحول میں کھانا کھانے اور بلندی سے اردگرد کے مناظر سے لطف اُٹھا سکتے ہیں
 

Advertisement