جنیوا: (روزنامہ دنیا) سوئٹزرلینڈ کے ماہرین نے دریافت ہونے والے کروڑوں سال قدیم چیتے کے ڈھانچے کو آئندہ ہفتے فروخت کرنے کا اعلان کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں آئندہ ہفتے اُس چیتے کے ڈھانچے کو نیلامی کیلئے پیش کیا جائے گا جس کے دانت تلوار کی طرح ہیں۔ 120سینٹی میٹر لمبے ڈھانچے کو 8 دسمبر کو نیلامی کیلئے پیش کیا جائے گا، بولی کی قیمت 60 ہزار سوئس فرینکس سے شروع کی جائے گی اور سب سے زیادہ بولی لگانے خوش نصیب شخص کو یہ ڈھانچہ دے دیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق چیتے کا یہ ڈھانچہ 3 کروڑ 7 لاکھ سال قدیم ہے اور امریکا کی جنوبی ریاست ڈکوٹا میں 2019 میں ہونے والی کھدائی کے دوران ماہرین کو ملا تھا‘ ڈھانچہ 90 فیصد مکمل حالت میں موجود ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ تلوار جیسے دانتوں والے ڈھانچے کی دریافت کوئی زیادہ اہم بات نہیں کیونکہ ایسی دریافتیں ماضی میں بھی ہو چکی ہیں۔ تاہم اس ڈھانچے کی خاص بات جمالیاتی خصوصیت ہے۔
ماہرین نے مزید بتایا کہ ڈھانچے کی غیر معمولی اہمیت کے پیش نظر تکمیل کیلئے کچھ ہڈیاں تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے تیار کی گئی ہیں۔