کورونا ویکسین لگانے سے انسان ‘’مگرمچھ’’ بن سکتا ہے: برازیلی صدر کی انوکھی منطق

Published On 20 December,2020 05:29 pm

برازیلیا: (مانیٹرنگ ڈیسک) برازیل کے صدر جیئر بولسونارو نے کورونا ویکسین سے متعلق اپنی انوکھی منطق پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویکسین لگانے سے انسان مگرمچھ بن سکتا ہے یا خواتین کی داڑھی نکل سکتی ہے۔

جولائی میں کورونا کا شکار ہونے والے برازیلی صدر نے کورونا ویکسینیشن کی افتتاحی مہم کے دوران کہا کہ میں خود ویکسین نہیں لگواﺅں گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فائزر کے معاہدے میں یہ بات واضح ہے کہ وہ اس کے ضمنی اثرات کے ذمہ دار نہیں ہوں گے۔

بولسونارو کے مطابق دوا ساز ادارے کا کہنا ہے کہ اگر ویکسین لگنے کے بعد آپ مگرمچھ بن گئے تو یہ آپ کا مسئلہ ہے ، اگر آپ سپر ہیومن بن جائیں یا کسی خاتون کی داڑھی نکل آئے یا کسی شخص کی آواز بدل جائے تو یہ ہمارا قصور نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ برازیلی صدر نے کورونا کے آغاز میں ہی اسے معمولی فلو قرار دیا تھا۔
 

Advertisement