نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کی ایک خاتون 33 سال سے صرف چائے پی کر زندگی گزار رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع کوریا کے گاؤں بارادیا کی 44 سالہ خاتون پھلی دیوی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ گزشتہ 33 سال سے کچھ کھا نہیں رہیں بلکہ چائے پی کر ہی گزارہ کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے گاؤں میں چائے والی چاچی کے نام سے لوگ جانتے ہیں۔خ اتون کے والد رتی رام کا کہنا ہے کہ میری بیٹی نے 11 سال کی عمر میں آخری بار کچھ کھایا تھا، پہلے چائے میں دودھ ڈالتی تھی، اب صرف سورج غروب ہونے سے پہلے ایک کپ قہوہ پیتی ہے۔
اہل خانہ نے خاتون کا کھانا پینا بند ہونے کے بعد ڈاکٹرز سے بھی رجوع کیا، جہاں ماہرین نے تفصیلی معائنے کے بعد بتایا کہ پھلی دیوی کی صحت کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور وہ مکمل تندرست ہے۔