واشنگٹن:(روزنامہ د نیا) برطانوی خاتون نے چیلنج کے طور پر ایک ہی لباس 100 دن کیلئے پہننے کا ارادہ کیا اور مدت ختم ہونے تک اپنے عزم پر قائم رہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سارہ روبن نامی خاتون نے 100 ڈے ڈریس چیلنج میں گزشتہ برس ستمبر میں حصہ لیا اور تین ماہ تک روزانہ میرینو وول کا سیاہ لباس زیب تن کئے رکھا جس کا مقصد فیشن کی دنیا سے نکل کر سادگی کو فروغ دینا تھا۔سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں سارہ کا کہنا تھا کہ 100 دن تک ایک ہی لباس پہنے رکھنے سے سبق ملا کہ ہمیں کپڑوں کی اتنی زیادہ ضرورت نہیں ہوتی۔
دوسری جانب اس چیلنج کو متعارف کروانے والے کپڑوں کے برانڈ نے کہا کہ اس چیلنج کی بنیاد 3 اصول ہیں۔سادگی اختیار کرو، احتیاط سے خرچ کرو اور اچھے کام کرو۔ مذکورہ برانڈ نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا کہ ہم نے اپنے ملبوسات ان 50 خواتین کو بھیجے جنہوں نے رضا کارانہ طور پر 100 دن کیلئے ہمارا لباس پہننے کی حامی بھری۔