القدس:(روزنامہ دنیا) اسرائیلی محققین نے یروشلم کے جنوب میں حضرت داؤد علیہ السلام کے عہد کے رنگے ہوئے کپڑے کے دھاگے دریافت ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق غیر اون سے تیار کئے گئے کپڑے کے یہ دھاکے جامنی رنگ میں رنگے ہوئے ہیں۔ یروشلم کے جنوب میں تانبا پیدا کرنے والے قدیم قصبے کی کھدائی کے دوران یہ کپڑے کے دھاگے دریافت ہوئے ہیں۔محققین کا کہنا ہے کہ کاربن ڈیٹنگ کی مدد سے معلوم ہوا ہے کہ یہ دھاگے کم از کم 1000 قبل مسیح کے ہیں جو بائبل کے اعتبار سے حضرت داؤدؑ اور حضرت سلیمانؑ کا دور بنتا ہے ۔
محققین کا کہنا ہے کہ جامنی رنگ معزز ہونے اور بادشاہت کی علامت تھا اور اس کی قیمت سونے سے بھی زیادہ رہی ہے ۔ کھدائی کے دوران اس علاقے سے ابھی تک کپڑا رنگنے اور سیپیوں کے آثار ملے ہیں۔ ان دھاگوں کی وادیٔ تمنہ سے دریافت سے تصدیق ہوگئی کہ یہاں تہذیب یافتہ آبادی موجود تھی۔