کیف: (ویب ڈیسک) یوکرائن میں ایک ماڈل اپنی پالتو بلی پر ٹیٹو بنوانے پر مشکل میں پڑ گئی ہیں جس کے بعد ان پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پالتو بلی کے جسم پر ٹیٹو بنوانے والی یوکرئین کی فٹنس ماڈل کو جانوروں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے اور جانوروں سے محبت کرنے والوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ایلینا ایوانکایا نامی ماڈل کو اس سے قبل 2017 میں اس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پرا تھا جب انہوں نے اپنی پالتو بلی کے جسم کے سارے بال اتا دیے تھے۔
اب ماڈل نے اپنی بلی کے جسم پر ٹیٹو بنوایا ہے جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کی اس حرکت کو جانور دشمن قرار دیا جا رہا ہے۔
ایلینا ایوانکایا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بلی کے ٹیٹو کی تصاویر شیئر کی جس پر صارفین آگ بگولا ہو گئے۔
سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنے کے بعد ماڈل نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی بلی کے جسم پر ٹیٹو بنوانے سے قبل اس کا ڈاکٹر سے معائنہ کرایا تھا۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کو اس سے کوئی مسئلہ نہیں تھا اور جب میں بلی کے جسم پر ٹیٹو بنوا رہی تو اس وقت ڈاکٹر بھی موجود تھے اور اب ہر چیز کنٹرول میں ہے۔
ماڈل کی جانب سے بیان جاری کرنے کے باوجود بھی انہیں تا حال تنقید کا سامنا ہے اور اتنی تنقید کے باوجود بھی وہ سوشل میڈیا پر اپنی بلی کی تصاویر پوسٹ کرنے سے نہیں رک رہی۔