نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جہاں پر ایک شہری مسلسل چھٹی مرتبہ لاٹری جیت گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی شخص نے مسلسل چھٹی بار لاٹری جیت کر ایک دلچسپ ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔ انہوں نے چھٹی بار لاٹری جیتی ہے جس کی رقم ڈھائی لاکھ ڈالر یعنی پاکستانی چار کروڑ روپے کے برابر ہے۔
برائن موس کا تعلق اڈاہو کے چھوٹے سے شہر میریڈیئن سے ہے جنہوں نے کراس ورڈ سکریچ گیم میں جمعرات کے روز یہ رقم جیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ میری چھٹی کامیابی ہے۔ تاہم یہ اب تک لاٹری کا سب سے بڑا انعام بھی ہے جو انہوں نے جیتا ہے۔
برائن موس کھیلوں کے سامان اوراس سے وابستہ غذاؤں کی ایک چھوٹی سی دکان کے مالک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لاٹری انہوں نے انعام کی لالچ میں نہیں خریدی بلکہ وہ جانتے ہیں کہ اس سے ضرورتمند سکولوں کی مدد کی جاتی ہے۔
دیگر امریکی ریاست اور شہروں کی طرح اڈاہو کی لاٹری بھی عوامی فلاح اور بالخصوص اسکولوں کی فلاح اور غریب بچوں کی تعلیم پر خرچ کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ رقم تعلیم گاہوں کی عمارات تعمیر کرنے میں بھی کام آتی ہے۔ لیکن اس سے اڈاہو کی کالج اور جامعات بھی استفادہ کرتی ہیں۔ اب تک اس ضمن میں صرف اڈاہو لاٹری سے 961 ملین ڈالر خرچ کئے جاچکے ہیں۔