ریوڈی جنیرو:(روزنامہ دنیا) بولیویا، پیرو، کولمبیا، برازیل اور وینزویلا کے ایمیزون جنگلات میں لیف یا پتہ مچھلی عام ملتی ہے جو کسی بے جان پتے کی طرح بے حس و حرکت تیرتی رہتی ہے اور بے خبر شکار قریب آنے پر تر نوالہ بنا لیتی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ کسی بے جان مڑے تڑے پتے کی طرح تیرتی رہتی ہے اور شکار کو لبھا کر اسے نوالہ بنالیتی ہے ۔ارتقائی عمل نے اسے ایک پتے کی شکل دی ہے ،کتھے کے رنگ کی یہ مچھلی مڑتی ہے ، ٹیڑھی ہوتی ہے اور اکثر نیچے دیکھتی رہتی ہے جس پر پتے کا گمان ہوتا ہے ۔ اس طرح یہ اپنے شکار اور اپنے شکاری دونوں کو ہی دھوکا دیتی ہے ، اسے ایمیزون لیف فِش بھی کہا جاتا ہے ۔
اس کا شکار کرنے کا انداز بھی بہت خوب ہے ،یہ اپنا جبڑا بڑھاتی ہے اور پانی میں آگے بڑھتی ہے اور شکار تک پہنچتی ہے ۔ ڈیڈ لیف فش اپنے جسم سے ایک تہائی اور دو تہائی تک کے جانور کھا جاتی ہے ، یہ اتنی پیٹو ہے کہ اپنے وزن کے برابر خوراک ایک دن میں چٹ کرجاتی ہے ۔