روم: (ویب ڈیسک) اٹلی میں ہسپتال کے ایسے ملازم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو 15 سال تک کام پر آئے بغیر تنخواہ وصول کرکے مزے لوٹتا رہا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے میں شائع دلچسپ خبر میں بتایا گیا ہے کہ اس کام چور شخص کا تعلق اٹلی کے شہر کتانزرو سے ہے جو مقامی ہسپتال سیاکیو کا ملازم تھا۔
کہا جا رہا ہے کہ یہ شخص 2005ء سے کام پر نہیں آیا لیکن باقاعدگی سے اپنی تںخواہ وصول کرنا نہیں بھولا۔ پولیس نے شکایت پر اس شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
ملزم کیخلاف اطالوی قوانین کے تحت دھوکا دہی، بھتہ خوری اور دفتر کے ناجائز استعمال کے الزامات میں تفتیش کی جا رہی ہے۔
اطالوی میڈیا کے مطابق ان 15 سالوں میں اس شخص نے تنخواہ کی مد میں 5 لاکھ 38 ہزار یورو وصول کئے۔ اس کام چور شخص کو تنخواہ دینے کے جرم میں ہسپتال کے دیگر عملے کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔
مذکورہ شخص پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے ہسپتال کے مینیجر کو دھمکیاں دیں، اس لئے اس نے ڈر کے مارے اس کام چور شخص کیخلاف کوئی درخواست درج نہیں کرائی۔