کورونا میں مبتلا دلہا کی دلہن کیساتھ حفاظتی سوٹ پہن کر شادی، ویڈیو وائرل

Published On 27 April,2021 05:18 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بھارت سے ایک انوکھی خبر آئی ہے، ریاست مدھیہ پردیش میں ایک جوڑے نے پی پی ای کٹس پہن کر شادی کی رسومات ادا کیں۔ جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی وبا نے جہاں معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے وہیں سماجی تہواروں، شادی بیاہ کی رسومات بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر آئے روز صارفین عالمی وبا کے دوران ہونے والے غیر معمولی واقعات پر تبصرے کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

مہنگے ملبوسات میں ہونے والی شادیاں تو بہت دیکھی گئی ہیں لیکن سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر بھارت کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں مدھیہ پردیش میں ہونے والی ایک شادی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک جوڑا پی پی ای کٹس پہن کر شادی کی رسومات ادا کر رہا ہے جبکہ اے این آئی کے مطابق ایک دن پہلے ہی دلہے کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’’فائزر، موڈرنا، سپوتنک ویکسینز لگوائیں نہیں بلکہ کھائیں‘‘

اسی حوالے سے علاقے کے تحصیلدار نوین گرگ کا کہنا تھا کہ 19 اپریل کو دولہے کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ ہم شادی روکنے کے لیے یہاں آئے تھے لیکن سینئر عہدیداروں کی درخواست اور رہنمائی پر شادی کرنے کی اجازت دی گئی۔ جوڑے کو پی پی ای کٹ پہننے کے لیے دیا گیا تاکہ انفیکشن نہ پھیلے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے، صارف پرسناسمہا نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ان سٹنٹ شادیوں کی طرح ہے جیسے جہاز سے کودتے ہوئے شادی کرنا یا سکائی ڈائیونگ۔ کیوں۔ کیونکہ ہم یہ کر سکتے ہیں۔
 

Advertisement