خود سے باتیں کر کے بہتر فیصلہ کرنے والا روبوٹ

Published On 26 April,2021 11:01 am

اٹلی:(روزنامہ دنیا) ماہرین نے روبوٹ میں تبدیلی کرکے اسے خودکلامی کے قابل بنایا جس کی بدولت وہ انسانوں سے بہتر رابطہ کرکے اپنے فیصلے بھی بہتر بناسکتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 21 اپریل کو اس تحقیق کی رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر روبوٹ کی سوچ کو سنا جائے تو وہ انسانوں کیلئے قدرے بھروسہ مند بن سکتے ہیں۔ اس طرح انسان دوست روبوٹ کے ارادوں اور فیصلوں سے آگہی مل سکتی ہے ۔اٹلی کی جامعہ پالرمو کے اینٹونیو شیلا کا خیال ہے کہ روبوٹ کو عام افراد سے رابطہ کرنے والا ہونا چاہیے ناکہ وہ صرف انجینئر اور سائنسدان سے ہی بات کرے ۔

اس کے لیے انہوں نے ایک مشہور مددگار انسان نما روبوٹ پیپرکا انتخاب کیا ہے اور اسے خودکلامی سے سوچنے والا بنایا ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ روبوٹ جو کچھ سوچتا ہے اسے آپ سن سکتے ہیں۔ اب یہ روبوٹ ہر معاملے پر خود سے بات کرتا ہے اور بہتر فیصلے کی جانب بڑھتا ہے ۔