جیپ ڈرائیور نے 25 سال میں بنجر پہاڑ کو گھنا جنگل بنا دیا

Published On 15 November,2021 09:46 am

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے رہائشی جیپ ڈرائیور نے بنجر پہاڑ کو گھنے جنگل میں تبدیل کر دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 63 سالہ عارف منہاس کی درختوں سے محبت کی مثال نہیں ملتی، انہیں بنجر پہاڑ پر درخت اگانے کا خیال 30 سال قبل لیبیا میں ملازمت کے دوران آیا اور ان کے بقول وہ وہاں لوگوں کی درختوں سے محبت اور ماحول دوستی سے کافی متاثر تھے۔

محمد عارف نے بتایا کہ انہیں درخت بچوں کی طرح عزیز ہیں، کوئی انہیں نقصان پہنچائے تو مجھے درد محسوس ہوتا ہے۔ روزانہ جب تک اپنے پودوں کو نہ دیکھ لوں مجھے بے چینی سی محسوس ہوتی رہتی ہے۔ محمد عارف کا اگایا ہوا جنگل ان کے گاوں ماہلدرہ سے کچھ فاصلے پر موجود پہاڑ پر ہے۔